پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ، رضوان بابر کی شاندار بیٹنگ!
کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے، برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پوران نے 64 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہ نواز ڈاہانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیا گیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابر اعظم نے 79 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اور آصف علی نے 21 رنز بنائے۔ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ شاہ نواز ڈاہانی اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔رضوان عمدہ اننگز پر میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
دوسری جانب کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے سبب پاکستان اور ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے درمیان ون ڈے سیریز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ سیریز 6 کھلاڑیوں اور 2 آفیشلز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ملتوی کی گئی، پی سی بی اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، ویسٹ انڈیز کرکٹ اسکواڈ آج رات واپس اپنے وطن روانہ ہو جائے گا۔