علیم خان کا صوبائی وزارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ
اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر خوراک پنجاب علیم خان کا کہنا ہے کہ ٹی وی چینل کی ملکیت کے بعد سینئر وزیر پنجاب کے عہدے اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے سینئر وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان نے ملاقات کی، جس میں وزارت سے استعفیٰ دینے سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیم خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے آج ہونے والی ملاقات میں کاروباری غیر جانبداری قائم رکھنے کے لیے ایک بار پھر حکومتی عہدے سے مستعفی ہونے کی درخواست کی اور بتایا کہ ضروری ہے میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو، لہٰذا وہ بطور وزیر خوراک پنجاب اب میرا استعفیٰ قبول فرمالیں۔
علیم خان نے مزید بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کو وزارت سے استعفے کی وجوہ سے متعلق تفصیل سے بتایا ہے کہ ٹی وی چینل کی ملکیت کے بعد سینئر وزیر پنجاب کے عہدے اور غیر جانبداری کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا، وزیراعظم کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری گزارشات کو بغور سنا اور تسلیم کرتے ہوئے مجھے مستعفی ہونے کی اجازت دی، میں اپنا استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا رہا ہوں۔