وزیراعظم کا ٹی 20 ورلڈکپ کا فائنل دیکھنے کیلیے دبئی جانے کا فیصلہ
اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کی فائنل رسائی کی صورت میں وزیراعظم عمران خان نے ٹی 20 ورلڈکپ کا حتمی مقابلہ دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق دبئی میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آج پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہے اور اگر پاکستان سیمی فائنل میں فتح حاصل کرلیتا ہے تو وزیراعظم عمران خان ایونٹ کا فائنل میچ دیکھنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے دبئی جائیں گے، وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفاقی وزیر فواد چوہدری بھی ہوں گے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اگر ہم فائنل میں پہنچے تو وزیراعظم فائنل دیکھنے ضرور جائیں، آج پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ دو بڑی اور تگڑی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم جس طریقے سے اس ایونٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے، ایسی کارکردگی بہت کم رہی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیت کر ہم نے فائنل میں نیوزی لینڈ کا سیکیورٹی کا مسئلہ بھرپور طریقے سے حل کرنا ہے، اس لیے آج کا میچ جیتنا ضروری ہے، آج کا میچ ضرور جیتیں گے، پوری قوم اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے، تمام کھلاڑیوں کے پاس سپر اسٹار بننے کا موقع ہے، پانچ مختلف پلیئرز کو مین آف دی میچ کا اعزاز ملا ہے، اب دیکھتے ہیں چھٹے میچ میں کس کو یہ اعزاز حاصل ہوتا ہے۔