فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے حکومت پیکیج کا اعلان کرے: شان
لاہور: پاکستانی فلموں کے مقبول اداکار شان شاہد نے فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے حکومتی پیکیج کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی توجہ کے بغیر انڈسٹری کی بحالی بہت مشکل ہے۔
اداکار شان کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ اگرحکومت پاکستانی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے بڑا پیکیج دے تو فلم انڈسٹری برسوں نہیں، مہینوں میں بحال ہوسکتی ہے۔
شان نے کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی بھی فلم ساز رسک لینے کے لیے تیار نہیں جب کہ تیار فلمیں ریلیز کے انتظار میں پرانی ہورہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ مشترکہ فلم سازی کی جائے۔
دوسری جانب اداکار سعود نے بھی اس معاملے پر رائے زنی کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی میں ہم نے بہت دیر کردی، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والا وقت فلم انڈسٹری کے لیے بہترین ثابت ہوگا۔