شادی کے چند سال بعد شوہر نے طلاق دے دی تھی، حنا دلپذیر
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا دلپزیر نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں شوہر نے غصے کی حالت میں طلاق دی تھی۔
حنا دلپزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے پسند کی شادی کی تھی اور وہ اپنے شوہر کی خوبصورتی سے متاثر ہوئی تھیں تاہم شادی کے چند سال بعد حالات بدل گئے اور ان کے اختلافات بڑھ گئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اُن کے شوہر نے غصے کی حالت میں اُنہیں طلاق دے دی جب کہ ان کا بیٹا صرف 3 سال کا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ ’طلاق کے بعد معاشرے کی طرف سے بہت سی کڑوی باتیں سُننے کو ملیں اور میری زندگی بہت مشکل ہوگئی تھی اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ طلاق یافتہ ہونے کی وجہ سے مجھے کسی شادی میں دلہن کے قریب نہیں بیٹھنے دیا جاتا تھا۔‘
حنا دلپزیر نے کہا کہ ’میں نے خود کو ہی اپنا دوست بنایا کیونکہ میں اپنے دکھ دوستوں یا کنبہ کے افراد کے ساتھ شیئر نہیں کر سکتی تھی، میں نے ایک ریڈیو اسٹیشن پر کام کرنا شروع کیا اور بعد میں ٹیلی ویژن کا رُخ کیا۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے دوبارہ شادی یا محبت کے رشتے میں بندھنے کا نہیں سوچا کیونکہ میں کام اور اپنے بیٹے کی پرورش میں مصروف تھی۔‘
حنا دلپزیر نے بیٹے کی پرورش کرکے اُنہیں جوان کیا اور پھر بیٹے کی شادی کردی جو کہ ایک خوشحال زندگی گُزار رہا ہے۔