بھارتی فضائیہ نے ابھی نندن کو ترقی دے دی
نئی دہلی: پاکستان پر حملے میں ناکام رہنے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھارتی فضائیہ نے ترقی سے نواز دیا۔
بھارت کے ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی ایئرفورس کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گروپ کیپٹن کا رینک دیا گیا ہے، بھارتی فوج میں گروپ کیپٹن کا رینک کرنل کے عہدے کے برابر ہوتا ہے۔
دھیان رہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بالاکوٹ پر حملے کے دوران پاکستانی فوج نے حراست میں لیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو واپس بھجوا دیا تھا۔
27 فروری 2019 کی صبح پاک فضائیہ کے طیاروں نے لائن آف کنٹرول پر مقبوضہ کشمیر میں 6 ٹارگٹ کو انگیج کیا، فضائیہ نے اپنی حدود میں رہ کر ہدف مقرر کیے، پائلٹس نے ٹارگٹ کو لاک کیا لیکن ٹارگٹ پر نہیں بلکہ محفوظ فاصلے اور کھلی جگہ پر اسٹرائیک کی جس کا مقصد یہ بتانا تھا کہ پاکستان کے پاس جوابی صلاحیت موجود ہے لیکن پاکستان کوئی ایسا کام نہیں کرنا چاہتا جو اسے غیر ذمے دار ثابت کرے۔
جب پاک فضائیہ نے ہدف لے لیے تو اس کے بعد بھارتی فضائیہ کے 2 جہاز ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کی طرف آئے لیکن اس بار پاک فضائیہ تیار تھی جس نے دونوں بھارتی طیاروں کو مار گرایا، ایک جہاز آزاد کشمیر جب کہ دوسرا مقبوضہ کشمیر کی حدود میں گرا۔
پاکستان حدود میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ کو پاکستان نے حراست میں لیا جس کا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔