قطر کا انوکھا اور دلکش ماحول دوست فٹ بال اسٹیڈیم

دوحہ: قطر کے گرم صحرا میں کسی چوڑی روایتی ٹوپی کی طرح دکھائی دینے والا یہ انوکھا فٹ بال اسٹیڈیم ہے، جسے 2022 فیفا ورلڈکپ کےلیے تعمیر کیا گیا ہے۔
اس کا نام ’الثمامہ اسٹیڈیم‘ ہے جو قطری دارالحکومت دوحہ سے کچھ دوری پر صحرا میں واقع ہے۔


اس کی تعمیر کچھ دن پہلے ہی مکمل ہوئی ہے جب کہ اسے قطر کے معروف ماہرِ تعمیرات ابراہیم محمد جیداہ نے ڈیزائن کیا ہے۔
ابراہیم جیداہ کے مطابق، الثمامہ اسٹیڈیم کا منفرد ڈیزائن روایتی قطری ٹوپی ’غافیہ‘ جیسا ہے جو خوبصورت ہونے کے ساتھ صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے۔
یہاں فیفا ورلڈکپ 2022 کے آٹھ میچز ہوں گے، جن میں ایک کوارٹر فائنل بھی شامل ہے۔
اسٹیڈیم کی غیرمعمولی طور پر پھیلی ہوئی چھت اس کے بڑے حصے کو دھوپ کی شدت سے محفوظ رکھے گی جب کہ گرمی کو مزید کم رکھنے کے لیے یہاں ٹھنڈے پانی کی پھواروں، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز تک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
الثمامہ اسٹیڈیم میں 40 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، لیکن یہ صرف اسٹیڈیم نہیں بلکہ اس میں ایک عدد مسجد، بوتیک، ہوٹل اور وسیع مارکیٹ بھی شامل ہے۔

دوسرے بیشتر عرب ممالک کی طرح قطر بھی ایک گرم صحرائی ملک ہے جہاں گرمیوں کے دنوں میں کھلے ماحول کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں بجلی کا بڑا حصہ ایئرکنڈیشننگ کے نظاموں پر صرف ہوتا ہے۔
الثمامہ اسٹیڈیم میں مختلف تدابیر اختیار کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ کم بجلی کے استعمال سے اسٹیڈیم کا اندرونی درجہ حرارت خاصا کم رکھا جاسکے۔
اسے مزید ’ماحول دوست‘ بنانے کے لیے اس کے قریب ہی شمسی پینلوں کا جال بچھایا گیا ہے جو یہاں پر نصب ایئرکنڈیشننگ نظاموں کے لیے بجلی کی ضرورت پوری کرے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔