بچے کی ہلاکت، لواحقین کا کے الیکٹرک پر ڈیڑھ کروڑ ہرجانے کا دعویٰ
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں کے الیکٹرک کی مبینہ غفلت سے 6 سالہ بچے کی کرنٹ لگنے سے ہلاکت پر لواحقین نے مقامی عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف ایک کروڑ 44 لاکھ ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔
دعویٰ سول کورٹ میں دائر کیا گیا۔ عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر دعوے میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 17 جنوری کو کے الیکٹرک کی غفلت سے 2 بچے شدید زخمی ہوئے۔ بچے بالکونی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوا۔
واقعے میں 6 سالہ بچہ کریم موقع پر جاں بحق جب کہ 4 سالہ سعد شدید زخمی ہوگیا تھا۔
دعوے میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک کے 11 ہزار وولٹیج کے تار گھر کی بالکونی میں لگے ہوئے تھے۔ خطرناک تاروں سے شہریوں کو محفوظ رکھنا کے الیکٹرک کی ذمے داری ہے۔ کے الیکٹرک کے کھلے تاروں کی وجہ سے بچے کی ہلاکت ہوئی۔ کے الیکٹرک والے متاثرین کی دادرسی تک نہیں آئے۔ کے الیکٹرک لواحقین کو معاوضہ دینے کا ذمے دار ہے۔