روپیہ مزید بے توقیر، ڈالر کی قیمت میں اضافہ
کراچی: پاکستان بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی کی واپسی ہوئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 43 پیسے مہنگا ہوگیا اور قیمت 174 روپے سے بڑھ کر 174 روپے 43 پیسے ہوگئی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ روپے کی قدر میں مزید کمی لائی جائے۔
معاشی ماہرین کے مطابق روپے پر اضافی دباؤ حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین جاری مذاکرات کے اختتام کے لیے طے شدہ ٹائم فریم نہ ہونے سے پیدا ہوا، جس کی وجہ سے فنڈ سے اگلی قسط جاری کرنے میں تاخیر ہوئی۔ حکومت کو دباؤ کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر غیر ملکی سرمائے کی آمد میں اضافے کی حکمت عملی بنانا ہوگی تاکہ ڈالر کی قیمت مزید نہ بڑھ سکے۔
دوسری طرف پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 149.15 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45429.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 4 کروڑ 88 لاکھ 64 ہزار 686 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔