ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، پاکستان فائنل تک رسائی حاصل کرے گا: محمد یوسف
لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے قومی ٹیم کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچنے کی پیش گوئی کردی۔
سابق اسٹار بلے باز محمد یوسف کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لیے زبردست کمبی نیشن بنا ہوا ہے، پوری قوم کی طرح میں بھی بہت پُرامید ہوں کہ پورے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، ہماری ٹیم میں ایسے کھلاڑی ہیں جو اکیلے میچ جتوا سکتے ہیں۔
بیٹنگ کوچ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر محمد یوسف کا ماننا ہے کہ کرکٹ میں یہ کہنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ کون سی ٹیم کہاں تک آگے جائے گی، لیکن میں یہ ضرور کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان ٹیم میں اتنا پوٹینشیل ہے کہ فائنل تک رسائی حاصل کرے گی جب کہ فائنل میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے، لیکن ہمیں پاکستان ٹیم سے امید ہے کہ یہ فائنل بھی جیتے گی۔
محمد یوسف اتنے پُرامید کیوں ہیں اس کی وجہ انہوں نے کچھ یوں بتائی کہ پاکستان کے دونوں اوپنرز کافی عرصے سے بہت اچھا پرفارم کر رہے ہیں، مڈل آرڈر اچھا ہے، سینئر اور جونیئر کا اچھا کمبی نیشن بھی بنا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم اور شاداب خان دونوں اسپنرز اچھے ہیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث روف فاسٹ بولنگ کے شعبے میں شاندار ہیں۔
محمد یوسف حسن علی کے بہت بڑے فین ہیں اور کہتے ہیں کہ حسن علی سے میں ہمیشہ امیدیں لگا کر رکھتا ہوں کیونکہ وہ بہت خطرناک کھلاڑی ہیں، حسن علی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ میں بہت شاندار ہیں، وہ کلین ہٹنگ کرتے ہیں، وہ بھی آل راؤنڈر ہیں، حسن علی ٹیم میں ایک کریکٹر ہیں اور ایسے کھلاڑی ہیں جو ٹیم کو اٹھا کر رکھتے ہیں۔