کورونا کی موجودہ صورت حال پریشان کُن ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی، آئی جی سندھ سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں سخت پریشان ہوں، کورونا وائرس کے باعث کراچی میں موجودہ صورتحال پریشان کن ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم ٹیسٹ بڑھاتے جارہے ہیں تو کیس بھی زیادہ آرہے ہیں ، ہمارا نظام بالکل صاف و شفاف ہیں اور راشن صحیح لوگوں تک پہنچ رہا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سب سے درخواست ہے کہ خود کو محتاط رکھیں، کچھ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں زیادہ فکرمند ہوگیا ہوں، میں عوام کے لیے فکر مند ہوں۔
قبل ازیں اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی تشویش ناک ہے کہ کورونا کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، 24 گھنٹوں میں 104 کورونا کیسز آئے جومجموعی ٹیسٹ کا 20 فیصد ہیں، یہ دنیا کی سب سے زیادہ اوسط ہے جو تشویش کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 104 یعنی 20 فیصد مثبت آئے، 6 اموات ہوئیں جو زیادہ ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صورتحال خراب ہورہی ہے جس کی وجہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل نہ ہونا ہے۔
مُراد علی شاہ نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن پر جب تک سختی سے عمل ہو رہا تھا تو صورتحال بہتر تھی، ملیر میں لاک ڈاؤن کافی کمزور تھا جس کو میں نے آج مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ حیدرآباد میں بھی کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے ، اس باعث لاک ڈاؤن سخت کیا جارہاہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔