مہنگائی کے خلاف پی ڈی ایم کے مختلف شہروں میں مظاہرے
کراچی/ لاہور/ اسلام آباد: روز بروز بڑھتی گرانی کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سڑکوں پر آگئی۔ کراچی، لاہور، قصور اور مری سمیت دیگر شہروں میں بھی میدان لگالیا۔
ادھر ن لیگ نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کا شیڈول جاری کردیا۔ خانیوال اور سیالکوٹ میں کل میدان لگے گا۔ گوجرانوالا، گجرات، ساہیوال اور ملتان میں 24 اکتوبر کو مظاہرے ہوں گے۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پنجاب میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاجی مظاہروں کا شیڈول جاری کیا۔ ڈاکٹرز، لیبر اور تاجر سمیت تمام تنظیموں اور ونگز کو ہدایات جاری کردی گئیں، جس میں کہا گیا کہ تمام مظاہروں میں عوامی شرکت کو یقینی اور حکومتی نااہلی، کرپشن، مہنگائی پہ عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہوا جائے۔
ملتان میں 24 اکتوبر اتوار کو دوپہر 2 بجے چوک حسین آگاہی سے احتجاجی جلوس نکلے گا۔ سیالکوٹ میں ہفتے کے روز 3 بجے چوک علامہ اقبال میں مہنگائی کے خلاف احتجاج ہوگا۔ 23 اکتوبر کو سنگلانوالہ چوک خانیوال میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔ گوجرانوالا پریس کلب کے سامنے اتوار کو 3 بجے احتجاج ہوگا۔ گجرات میں اتوار کے روز پریس کلب کے سامنے احتجاج ہوگا۔ 24 اکتوبر چوک حسین آگاہی ملتان میں احتجاجی مظاہرہ ہوگا۔
دوسری جانب قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عوام سے مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی اپیل کردی۔ انہوں نے پارٹی کو جاری ہدایات میں کہا کہ مرکز، صوبے اور اضلاع میں پارٹی رہنما شہری و کاروباری تنظیموں اور عوامی انجمنوں کے ساتھ اشتراک عمل کو یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں عوام بھرپور شرکت کرکے حکومت پر عدم اعتماد کریں، حکومت کو مزید وقت دینے کا مطلب عوام کی مزید تباہی، مزید مہنگائی، مزید بے روزگاری ہے۔