پی ڈی ایم مرا ہاتھی، اپوزیشن میں ڈنک نہیں کیا خطرناک ہوگی: شیخ رشید
اسلام آباد: شیخ رشید نے مہنگائی کا ذمے دار ماضی کی حکومتوں اور کورونا کو ٹھہرادیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کیا خطرناک ہوگی اس میں تو ڈنک ہی نہیں، یہ عمران کی خوش قسمتی جو اسے تھکی ہوئی اپوزیشن ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مرا ہوا ہاتھی ہے، تھکی ہوئی اپوزیشن اب تک کوئی فیصلہ ہی نہیں کرسکی، پچھلے دسمبر میں حکومت رخصت کررہے تھے اب اگلا دسمبر آگیا، اس ملک میں سیاست ایسے ہی چلتی ہے، جب ہم اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے آج گئے کل گئے۔
انہوں نے مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس کی ذمے داری ماضی کی حکومتوں اور کورونا پر ڈال دی۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں تو کابینہ میں آٹا، دال، چینی کی بھی بات کرتا ہوں، عمران خان اپنی پوری کوشش کررہے ہیں کہ اس سال مہنگائی کو ختم کریں اور جو مہنگائی کے خلاف چیمپئن بن رہے ہیں، یہ ملک لوٹنے والے سب سے بڑے چور ہیں۔
انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو نشانہ بنانے کے دیرپا اثرات ہوں گے۔