ایون فیلڈ ریفرنس: مریم، صفدر کی ضمانت خارج کرنے کی درخواست دائر

اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا، مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں، نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ کیا گیا، ملزمان کا کنڈکٹ ان کے خلاف گواہان پر بھی دباؤ ڈالنے کا سبب بنا،اس لیے ان کی ضمانت منسوخ کی جائیں۔
دھیان رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، اُن کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو سزائیں سنائی تھیں، جن کے خلاف عدالت عالیہ میں اپیلیں زیر سماعت ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملزمان کی سزائیں معطل کررکھی ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔