اسکولز اور مدارس ميں ہرہفتے خصوصی ٹيکہ مہم چلانے کا اعلان
اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ 11 اکتوبر سے تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھولے جارہے ہیں، جس کے بعد ہر ہفتے اسکول اور مدارس ميں خصوصی ٹيکہ مہم شروع کی جائے گی۔
معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 11 اکتوبر سے تمام تعلیمی ادارے مکمل طور پر کھولے جارہے ہیں۔ 30 اکتوبر کے بعد جزوی ویکسی نیشن اور 30 نومبر کے بعد مکمل ویکسی نیشن نہ کرانے والے افراد پر پابندیاں ہوں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، 6 کروڑ سے زائد افراد کو جزوی یا مکمل ویکسین لگ چکی۔ کورونا ویکسین میں عمر کی حد 12 سال تک لے گئے ہیں، ملک میں کرونا ویکسی نیشن اچھے طریقے سے جاری ہے۔
تاہم حکومت کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بچوں کو کون سی ویکسین لگوانے کی منظوری دی گئی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وزارت تعلیم نے ٹیلی اسکول سمیت دیگر اقدامات کیے۔ کورونا وبا میں بچوں کا تدریسی عمل متاثر ہوا، تاہم مزید تعلیمی سلسلے کو روکنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق کورونا ویکسی نیشن محفوظ ہے۔ عوام کو تلقین ہے کہ بچوں کی بغیر ہچکچاہٹ کورونا ویکسی نیشن کرائیں۔ کورونا ویکسی نیشن سے متعلق جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں۔ ویکسی نیشن کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد دے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے سربراہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ 12 سال اور زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔