شمسی توانائی کی حامل گاڑی یا پہیوں پر چلتا ہوا گھر!
نیدرلینڈز: شمسی توانائی سے چلنے والی ایسی گاڑی تیار کرلی گئی ہے، جس میں رہائش بھی رکھی جاسکے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیلا ویٹا نامی گاڑی چھت پر لگے شمسی پینل کی مدد سے گاڑی چلانے، شاور لینے، ٹی وی دیکھنے، لیپ ٹاپ چارج کرنے اور یہاں تک کہ کافی بنانے یا چھوٹے چولہے پر کھانا پکانے کے لیے بھی توانائی مہیا کرتی ہے۔ یہ گاڑی بیس طلباء کی تخلیق ہے جو نیدرلینڈ کی انڈہوون یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے ایک تحقیقی گروپ کا حصہ ہیں۔
ٹیم کے کچھ ارکان اس نیلی اور سفید رنگ کی کار وین پر یورپ کے تین ہزار کلومیٹر کے روڈ ٹرپ پر بھی نکل چکے، پورے یورپ کا چکر لگانے کے بعد ٹرپ کا اختتام اسپین کے جنوبی شہر طریفہ پر ہوگا۔
گاڑی بنانے والی ٹیم نے اسے گاڑی کے بجائے پہیوں پر چلتے پھرتے گھر کا نام دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ کیمپروین نہیں کیونکہ ہماری گاڑی توانائی کے حوالے سے خودکفیل ہے۔