پنڈورا پیپرز ٹائیں ٹائیں فش، وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دے دیا: شیخ رشید
اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنڈورا پیپرز ٹائیں ٹائیں فش، کچھ نہیں نکلا، وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز پر تحقیقات کا حکم دے دیا، عمران خان کے بیان نے سب کو چپ کرادیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ مذاکرات اُن کے نوٹس میں نہیں، وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ جو پاکستان کے آئین اور قانون کو مانیں گے اُن سے بات چیت ہوسکتی ہے، ہتھیار ڈالنے اور ملکی آئین کو ماننے والوں سے بات چیت ہوگی، وزیراعظم نے کہا ملک کو نقصان پہنچانے والوں سے بات نہیں ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان کے حالات میں بہتری چاہتے ہیں، افغانستان کے لیے آن لائن ویزا شروع کررہے ہیں، 15 اگست سے تاحال 20 ہزار افراد افغانستان سے آئے، اسکردو میں شناختی کارڈ کی سہولت دینے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیا پٹرولنگ یونٹ لانے جارہے ہیں، پٹرولنگ یونٹ میں ڈرونز بھی شامل ہوں گے، شکرپڑیاں میں نئی فوڈ اسٹریٹ کا اہتمام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک دن میں پاسپورٹ اجرا کی فیس 10 ہزار روپے مقرر کردی، 24 گھنٹے میں پاسپورٹ حاصل کیا جاسکے گا، نادرا کے 136 ملازمین کو فارغ کردیا ہے، آن لائن ویزا 3 ہفتے میں جاری ہوجایا کرے گا، بائیومیٹرک پالیسی کو تبدیل کررہے ہیں، جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔