قومی اسمبلی اجلاس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپوزیشن سراپا احتجاج
اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں نے قومی اسمبلی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کیا، اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد اجلاس کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف اپوزیشن کا قومی اسمبلی میں شدید احتجاج، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن اراکین پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور وزیراعظم عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
حزب اختلاف کی نعرے بازی، احتجاج اور ہنگامہ آرائی سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ احتجاج کے دوران اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو بھی کیا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اپوزیشن کے بائیکاٹ اور احتجاج پر قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا۔
اپوزیشن رہنماؤں نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر بھی احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔