کولمبیا میں پالتو جانور کے مرنے پر مالک کو 2 دن کی چھٹی دینے کا قانون پیش
بگوٹا: جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں پالتو جانور کے مرنے پر اس کے سوگ میں جانور کے مالک کو کام کاج سے تنخواہ کے ساتھ 2 دن کی چھٹی دینے کا قانون اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس نئے قانون کا مقصد پالتو جانوروں اور مالکان کے درمیان جذباتی تعلق کا اعتراف کرنا ہے کیونکہ پالتو جانوروں کے مرنے سے انسان گہرے دکھ اور افسوس کا شکار ہوجاتا ہے، لہذا اسے اپنے پیارے کا سوگ منانے کےلیے چھٹی ملنی چاہیے۔
یہ قانون کولمبین لبرل پارٹی کے سیاست دان الیجاندرو کارلوس نے اسمبلی میں پیش کیا ہے جس کا مقصد آجروں اور کمپنیوں کو اپنے ملازمین کو دو دن کی چھٹی دینے کا پابند کی جاسکے۔
الیجاندرو کارلوس کا کہنا ہے کہ بعض لوگوں کے بچے نہیں ہوتے بلکہ ان کے پالتو جانور ہی ان کا سب کچھ ہوتے ہیں جنہیں وہ اپنے اہل خانہ کی طرح عزیز رکھتے ہیں اور ان سے محبت کرتے ہیں۔ لہذا جب ان کے پیارے جانور کا انتقال ہوتا ہے تو انہیں چھٹی دینی چاہیے تاکہ وہ سکون سے اپنے پیارے کا غم مناسکیں اور اس کی آخری رسومات ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بل قابل عمل ہے اور معاشرے سے مطابقت رکھتا ہے کیونکہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ہر 10 میں سے 6 گھرانے پالتو جانور رکھتے ہیں۔
بل میں یہ شق بھی شامل کی گئی ہے کہ ملازمین کو نوکری کرتے وقت مالکان کو پہلے سے اپنے پالتو جانوروں کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا اور چھٹی کے لیے اپنے پالتو جانور کی موت کے بارے میں جھوٹ بولنے پر انہیں سزا بھی ہوسکتی ہے۔