عمران خان کی قازقستان کے صدر اور تاجک وزیراعظم سے ملاقات
دوشنبے: وزیرِاعظم عمران خان دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وزیر بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے قازقستان کے صدر قاسم جومارت توكاييف سے دوطرفہ ملاقات کی۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے تاجکستانی ہم منصب قاہر رسول زادہ سے بڑے خوشگوار ماحول میں ملاقات کی۔ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس میں شریک ہوں گے اور ایران، قازقستان، بیلاروس اور ازبکستان کے صدور سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان پاکستان اور تاجکستان کے مابین کاروباری شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ وزیراعظم کا دورہ دو حصوں پر محیط ہے، پہلے حصے میں وزیراعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے 20 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے، وزیراعظم کی ایران کے سربراہ مملکت، چین کے وزیر خارجہ اور وسطی ایشیا کی اہم قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوں گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ افغانستان کی صورت حال اس کانفرنس کا کلیدی حصہ رہے گی، تاجکستان کا افغانستان کے حوالے سے کردار اہم ہے، ہم اس کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں، تاجکستان کے دورہ کے دوران افغانستان میں مستحکم اور جامع حکومت کے بارے میں ہمارے نظریے کو تقویت ملے گی۔