میرے زخمی ہونے یا موت کی خبریں بے بنیاد ہیں: ملا عبدالغنی برادر

کابل: ملا عبدالغنی برادر کے قتل کی خبروں پر اُن کی جانب سے وضاحت سامنے آگئی۔
گزشتہ روز قطری وزیر خارجہ کابل پہنچے تھے جہاں صدارتی محل میں ان کا استقبال نائب وزیراعظم (دوم) عبدالسلام حنفی نے کیا تھا۔
اس کے بعد قطری وزیر خارجہ نے افغان عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند اور دیگر اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی تھی۔
قطری وزیر خارجہ کے دورہ کابل کے موقع پر نائب وزیراعظم ملا برادر کی عدم موجودگی پر ان کے قتل یا زخمی ہونے کی افواہیں سامنے آئی تھیں۔
سوشل میڈیا پر بھی کئی صارفین نے ملا عبدالغنی برادر کے صدارتی محل میں آپسی لڑائی میں قتل کا دعویٰ کیا تھا تاہم اس کی تردید گزشتہ روز ہی عبوری نائب وزیراعظم نے تحریری بیان میں کردی تھی۔
تاہم اب افغانستان کے عبوری نائب وزیراعظم (اول) ملا عبدالغنی برادر نے آڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے موت کی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق اپنے آڈیو پیغام میں ملا عبدالغنی برادر کا کہنا تھا کہ میرے زخمی ہونے یا موت کی خبریں بے بنیاد اور افواہ ہیں اور یہ خبریں دشمن کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں افغانستان میں موجود ہوں اور مختلف شہروں کے دورے پر ہوں۔
بعدازاں طالبان کی جانب سے چند ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں جس میں بتایا گیا کہ ملا عبدالغنی برادر قندھار میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کررہے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔