قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس زیر گردش ہیں: وسیم خان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کررہی ہیں۔
وسیم خان نے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کررہی ہیں۔ آئندہ بین الاقوامی اسائنمنٹس کے لیے اسکواڈ کا اعلان کیا جاچکا اور اس سلسلے میں جو سمت اختیار کی گئی ہے، قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم مکمل طور پر اس کے پیچھے کھڑے ہیں۔
وسیم خان کا کہنا تھا کہ منگل کو کچھ کھلاڑیوں نے پاکستان کے سابق کپتان اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے موجودہ رکن رمیز راجہ کے ساتھ ملاقات کی ہے، جو بہت صحت مندانہ اور مثبت رہی ہے، اس ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ ہمیں آئندہ سیریز میں کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لازم ہے کہ ہم سب مل کر اس اسکواڈ کو مستحکم کریں اور اس کی مکمل پشت پناہی کریں تاکہ اس کی تمام تر توجہ آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ پر مرکوز ہوسکے۔