شرمیلا فاروقی کی تنقید پر اقرا عزیز کا ردعمل
کراچی: معروف اداکارہ اقرا عزیز نے اپنے بیٹے سے متعلق پوسٹ پر شرمیلا فاروقی کو تنقید کرنے پر کرارا جواب دیا ہے۔
اداکارہ اقرا عزیز نے انسٹاگرام پوسٹ پر اپنے شوہر یاسر حسین اور بیٹے کبیر حسین کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’یاسر حسین نے ماں بننے کے سفر کے دوران میری بہت مدد کی‘‘۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے اداکارہ کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فخر کرنے کی کوئی بات نہیں، بچوں کی پرورش کی ذمے داری صرف ماں کی نہیں ہوتی بلکہ والد کی بھی ہوتی ہے۔
اقرا عزیز نے شرمیلا فاروقی کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ شاید یہ آپ کے لیے کوئی بڑی بات نہ ہو، لیکن اس مردوں کی دنیا میں جہاں وہ اپنی بیوی کی (ماں کی ذمے داریاں نبھانے پر) تعریف نہیں کرتے، جو شوہر اور بیوی دونوں کی ذمے داری ہوتی ہے لیکن میرے شوہر ناصرف میری تعریف کرتے بلکہ وہ میرا بھرپور ساتھ بھی دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا جب وہ میری تعریف کرتے ہیں تو میں کیوں نہ کروں۔ انہوں نے کہا کہ عورتیں چاہتی ہیں کہ مرد ہماری مدد کریں اور پھر جب وہ کرتے ہیں تو، بول دو کہ اس میں فخر کی کوئی بات نہیں، برابری دونوں طرف ہونی چاہیے۔