ہوا کے سپاہی یہ شاہین ہمارے
آسماں کی بلندیوں کو بہادری کے ساتھ چھوتے ہوئے اور دشمنوں سے اپنے ملک اور قوم کی حفاظت کرتے ہوئے ہوا کے سپاہیوں اور ہمارے شاہینوں کو ہمارا سلام۔ 6 ستمبر 1965 کی پاک و ہند کی جنگ میں افواج پاکستان سمیت ہمارے ملک کے دفاعی مجاہدوں، غازیوں اور جوانوں نے شجاعت، بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ قربان کیا۔ جسکی یاد میں ہر سال 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان منایا جاتا ہے جبکہ 7 ستمبر کا دن پاکستان ایئر فورس اور 8 ستمبر پاکستان نیوی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منایا جاتا ہے۔ ان تمام دنوں کا مقصد پاکستان کی دفاعی اورعسکری طاقت کو مضبوط کرنے کی یاد دہانی کرنا بھی ہے جبکہ یہ دن مستقبل کے معماروں کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی منایا جاتا ہے تاکہ آنے والے وقت میں دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم اور حملے مہارت کے ساتھ نمٹا جا سکے۔
آج 7 ستمبر کا دن ہے اور آج پورے پاکستان میں یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے، یہ وہ یادگار اور بے مثال دن ہے جب ہمارے بہادر پاک فضائیہ کے جوانوں نے اپنی مہارت اور جانبازی کی بدولت 1965 کی پاک بھارت جنگ میں کامیابی اپنے وطن پاکستان کے نام کی۔ 1965 کی جنگ میں بری فوج نے جسطرح دشمن کو شکست دی اسی طرح پاک فضائیہ نے بھی دنیا کی جنگی تاریخ میں کامیابی کے نئے ریکارڈ بنائے۔ ہم اپنے پاک فضائیہ کے بہادر ایم ایم عالم کو نہیں بھول سکتے۔پاک فضائیہ کے بہادر شاہین ایم ایم عالم نے صرف ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے۔ اسطرح پاک فضائیہ کی جانب سے لاہور سمیت ملک کے اہم مقامات کا بھرپور دفاع کرنے پر دنیا بھر کے دفاعی ماہرین نے پاک فضائیہ کی بہترین دفاعی حکمت عملی قرار دیا۔
بھارتی پائلٹس کی 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کی تکنیکی مہارت کے آگے دشمن کے پائلٹس کی بالکل نہ چل سکی جبکہ ایک بھارتی اسکورڈرن لیڈر کو اپنے طیارے سمیت سرنڈر کرنا پڑا۔ اس جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 100 سے زائد جنگی طیارے مار گرائے اور کامیابی سے اپنے وطن پاکستان کا نام روشن کیا۔میری طرح پاک فضائیہ سے عشق کرنے والے وہ لوگ جو پاک فضائیہ کا حصہ بن کر بہادری سے اپنے ملک کی فضاؤں کو چومنا چاہتے تھے اور بدقسمتی سے پاک فضائیہ کا حصہ نہ بن سکے یقینا وہ سب بھی میری طرح اپنے وطن کی پاک فضائیہ کیلئے دعاگو ہوں گے کہ اللہ ہمارے شاہینوں کی اڑانوں کو وہ پرواز عطا کرے کہ دشمن کبھی خواب میں بھی ہمارے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی ہمت نہ کرے۔ ہم اپنے پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور پاک بھارت 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ کے ناقابلِ فراموش کردار کو خراج عقیدت پیش کرنے ہیں اور عہد کرتے ہیں کہ ہر سال یوم فضائیہ ملی جوش و جذبے سے یونہی مناتے رہیں گے۔ پاکستان زندہ باد