ہوٹلوں کے کمروں میں چھپے کیمروں کو تلاش کرنے کا طریقہ
ہوٹلوں کے کمروں میں ٹھرنے سے قبل یہ جان لیں کہ کہیں خفیہ کیمروں سے آپ کی ریکارڈنگ تو نہیں کی جا رہی۔
برطانوی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ہوٹلوں کے کمروں یا کرائے کے گھروں میں خفیہ کیمروں سے لوگوں کی ویڈیوز بنائے جانے کے واقعات آئے روز لوگوں کے ساتھ پیش آتے رہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک پر خود کو سابق ہیکر کہنے والے ایک شخص نے ہوٹل کے کمروں میں موجود خفیہ کیمرے کو تلاش کرنے کا ایک آسان طریقہ بتا دیا ہے جس پر عمل کرکے آپ ہوٹل میں قیام کے دوران خود کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔
مارکس نامی ٹک ٹاکر نے بتایا کہ آئندہ آپ جب کبھی ہوٹل کے کمرے یا کرائے کے گھر میں جائیں تو ایک فلیش لائٹ لے کر پورے کمرے اور اس میں پڑی مختلف چیزوں کا بغور جائزہ لیں۔
انہوں نے بتایا کہ جس جگہ خفیہ کیمرا چھپایا گیا ہو گا، وہاں فلیش لائٹ پڑنے سے کیمرا چمک اٹھے گا اوراس سے نیلے رنگ کی روشنی آپ کو نظر آ ئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ کیمرے کے لینز روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ جب ان پر روشنی پڑتی ہے تو منعکس ہو کرآنے والی نیلگوں روشنی آپ کو نظر آتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیڈ کے ساتھ ٹیبل پر موجود ڈیجیٹل گھڑی میں خفیہ کیمرہ نصب ہو سکتا ہے لہذا فلیش لایٹ کی مدد سے آپ اسے تلاش کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ بستر کے اوپر موجود فائر الارم میں بھی خفیہ کیمرہ چھپایا جا سکتا ہے جب کہ روشن دانوں اور کھڑکیوں میں بھی یہ اکثر چھپایا جاتا ہے