اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا اور اپوزیشن لاری اڈا لاری اڈا کررہی ہے۔
شیخ رشید نے وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان ذمے دار ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے ملک میں امن کے قیام کے لیے جدوجہد کی ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی عظیم ترین فوج ہے، افغانستان کی صورت حال پر گہری نظر ہے، ہم نے 2 ہزار 600 کلومیٹر طویل بارڈر پر باڑ لگائی ہے، طالبان نے یقین دلایا ہے کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان سے آنے والوں کے لیے 21 دن اور ایک ماہ کے ٹرانزٹ ویزے دے رہے ہیں، افغانستان سے آنے والوں کے لیے پورے پاکستان کے بجائے صرف اسلام آباد تک ٹرانزٹ ویزے کا سلسلہ محدود ہے، مولانا فضل الرحمان نے شور مچادیا کہ امریکیوں کے لیے ہوٹل خالی کردیے، انہیں چاہیے کہ وہ سمجھ داری کا مظاہرہ کریں، ہمیں ایک اور نیک ہوکر ملک کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔ علماء سے کہنا چاہتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے مسئلوں سے نکل کر بڑے معاملات میں ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بدل گیا ہے، اب ہماری سیاست بھی بدلنے جارہی ہے، اپوزیشن میں دنیا کے حالات سمجھنے کی صلاحیت نہیں، دنیا کی سب سے بڑی سیاست پاکستان کے اردگرد ہورہی ہے، بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہے، پاکستان خطے میں اہم ملک بننے جارہا اور پی ڈی ایم لاری اڈا لاری اڈا کررہی ہے، اپوزیشن پچھتائے گی۔ 2 سال میں نیب کیسز کا فیصلہ ہوجائے گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔