نواز شریف کے پاس دو آپشن، اپیل کرلیں یا سیاسی پناہ حاصل: شیخ رشید

اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو سمجھ ہی نہیں آرہی کہ آئندہ 6 ماہ میں خطے میں کیا حالات ہونے والے ہیں، اسرائیل اور بھارت ہمارے امن کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم سی پیک اور کشمیر کے معاملے پر متحد ہے، ہم نے ملکی سلامتی کے خلاف بھارت، اسرائیل اور این ڈی ایس کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے، سی پیک میں کسی رکاوٹ کو کسی قیمت پر قبول نہیں کیا جائے گا۔
داسو ڈیم حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں، لیکن اس حوالے سے تفصیل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بتائیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ منسوخ ہوچکا ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اقتدار میں ہوں تو بڑھکیں مارتے ہیں اور اقتدار سے اتر جائیں تو ملک سے بھاگ جاتے ہیں، نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں، اپیل کرلیں یا سیاسی پناہ حاصل کرلیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کسی نے بیان دیا تھا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی، اس ملک میں بھٹو پھانسی چڑھ گیا لیکن چڑیا نہیں پھڑکی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں کرائم ریٹ بڑھ رہا ہے، پولیس کی نفری کم ہے اس کو بڑھانے جارہے ہیں۔
شیخ رشید کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا جس کے ساتھ ہوں اس کے ساتھ کھڑا ہوں، جو سیاسی لڑائی لڑے گا میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوکر اس کا مقابلہ کروں گا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔