کشمیر میں 100 فیصد شفاف انتخابات ہوتے تو پیپلز پارٹی حکومت بناتی، سعید غنی
لندن: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کشمیر میں صاف و شفاف انتخابات ہوتے تو 100 فیصد وہاں کی حکومت پیپلز پارٹی ہی بناتی۔ اب جبری طور پر کشمیریوں پر پی ٹی آئی کو بٹھا دیا گیا ہے اس لیے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ کشمیریوں کو پی ٹی آئی کی نحوست سے بچائے، کیونکہ انہوں نے پاکستان میں بھی اپنی نالائقی اور نااہلی سے نحوست پھیلائی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ میں گلوبل ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کے بعد پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات اور بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب بھی عوام کو آزادی سے ووٹ ڈالنے کا موقع ملتا ہے وہاں وہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیتے ہیں۔ پاکستان کی انتخابی سیاست کو آزاد چھوڑ دیں تو پاکستان پیپلز پارٹی سے بڑی سیاسی جماعت اس ملک میں اور کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف کشمیر کا انتخاب ہو یا عام انتخابات ہمیشہ سازش ہوتی رہی ہے۔ مجھے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ پی ڈی ایم میں بھی کچھ حکومتی سہولت کار بیٹھے ہوئے ہیں، جو پی ٹی آئی کی حکومت کو مستحکم بنانے اور ان کے خلاف اپوزیشن کی تحریک کو کمزور کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔ الیکٹرونک مشین سے پولنگ کا مطالبہ اس وقت انتخابات میں دھاندلی کو آسان کرنے کے لیے کیا جارہا ہے، ہمارے الیکشن کمیشن کے قوانین پر عمل درآمد اور انتخابات میں بیرونی مداخلت کو روک کر ہم صاف و شفاف انتخابات کے متحمل ہوسکتے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی برطانیہ کے عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے۔