چین میں دُنیا کے سب سے بڑے فلکیاتی میوزیم کا آغاز
شنگھائی: چین نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، وہاں دنیا کے سب سے بڑے اور خوبصورت ڈیزائن کے حامل فلکیاتی میوزیم کا آغاز ہوگیا ہے۔ میوزیم کا بیرونی ڈیزائن پیچیدہ خمیدہ اشکال میں ڈھالا گیا ہے جو کائناتی جیومیٹری کو ظاہر کرتا ہے۔ مرکزی عمارت کو اوپر سے دیکھا جائے تو لگتا ہے کہ اوپر تلے تین دائرہ نما ساختیں موجود ہیں۔ یہ ڈیزائن سیاروں اور ان کے مدار کو ظاہر کرتا ہے۔
میوزیم کل 420,000 مربع فٹ پر پھیلا ہوا ہے جس میں کئی کمروں پر مشتمل نمائشی، ڈسپلے، سیارہ گاہ (پلانیٹیریئم)، ایک رسدگاہ اور 78 فٹ بلند شمسی دوربین بھی نصب ہے۔ اس کا ڈیزائن امریکی فرم نے بنایا ہے جسے 2014 کا ڈیزائن ایوارڈ بھی مل چکا۔ اس طرح یہ عمارت مکمل طور پرفلکیاتی تصورات کو واضح کرتی ہے۔
اس کے مرکزی دروازے میں روشنی کا ایک دائرہ ہے جو موسم اور دن کے وقت کو ظاہر کرتا ہے۔ اس میں روشنی فرش پر پڑتی اور سارا دن ایک سے دوسرے مقام تک منتقل ہوتی رہتی ہے۔ اس طرح یہ ایک دھوپ گھڑی کا کام کرتی ہے۔
اس سے آگے پلانیٹیریئم کی مرکزی عمارت ہے۔ اس کا ڈیزائن چاند کی طرح گول ہے اور یوں لگتا ہے کہ جیسے چاند طلوع ہورہا ہے۔ اس کے نیچے بے وزنی دکھائی گئی ہے جس کے نیچے سے لوگ گزر سکتے ہیں۔ اس کے آگے شیشے سے بنا الٹا گنبد ہے جہاں رات کو بیٹھ کر آسمان کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔