کابینہ میں توسیع، مونس الٰہی وفاقی وزیر آبی وسائل مقرر
اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں توسیع، چوہدری مونس الٰہی کو وزیر بنادیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے اپنی اتحادی جماعت ق لیگ کے سربراہ چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی کو وفاقی وزیر بنادیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری مونس الٰٰہی کو وزارت آبی وسائل کا قلم دان دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ق کے پاس وفاقی کابینہ میں دو عہدے ہوگئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ سے کابینہ میں دو اراکین شامل کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
وزارت آبی وسائل کا قلم دان اس سے قبل فیصل واوڈا کے پاس تھا، تاہم سینیٹر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں مزید ردوبدل کا امکان ہے، کچھ وزارتوں میں تبدیلی جب کہ نئے وزرائے مملکت بھی بنائے جاسکتے ہیں، زلفی بخاری کو بھی دوبارہ اوورسیز پاکستانیوں کے امور کا قلم دان دیا جاسکتا ہے۔