اندرون ملک بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ فضائی سفر پر پابندی عائد
اسلام آباد: این سی او سی نے یکم اگست سے اندرون ملک ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی عائد کردی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعلامیے کے مطابق ڈیلٹا وائرس درحقیقت انڈین وائرس ہے جو انتہائی خطرناک ہے، ملک میں ڈیلٹا وائرس کے کیسز سامنے آنے لگے ہیں جو کورونا کی چوتھی لہر بھی ہوسکتی ہے۔
این سی او سی نے خبردار کیا کہ ڈیلٹا وائرس پرقابو پانےکیلئے احتیاطی تدابیراختیارنہ کیں توخطرناک نتائج کاسامناکرناپڑسکتاہے، ڈیلٹاوائرس کی وجہ سے بھارت نے لاکھوں اموات کا سامنا کیا اور بھارت میں اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سےعوام اذیتیں جھیلتے رہے۔
این سی او سی کے مطابق ایس اوپیز پرعمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا گیا جب کہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 18 جولائی تک یقینی بنایا جائے گا، اس کے علاوہ عید پرغیرضروری نقل وحرکت محدودرکھنے کیلئے مختلف تجاویز زیر غورہیں اور ان تجاویز پر عملدرآمد کا فیصلہ کورونا کاپھیلاؤ مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔
این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بڑھتی ہوئی وبا کے پیش نظر سیر و سیاحت پر پابندی کا بھی امکان ہے۔
این سی او سی نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ،کارپوریٹ سیکٹر، چھوٹی، درمیانی اور بڑی انڈسٹری جبکہ زراعت، میڈیا، وکلا، فیکٹری مزدور، مارکیٹ میں کام کرنے والوں کو 31 جولائی سے قبل ویکسین لگوائی جائے۔
این سی اوسی کے مطابق یکم اگست سے ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فضائی سفر پر پابندی عائد کردی گئی ہے جب کہ سیاحتی مقامات پرجانے والے 30 سال یا زائد عمر کے افراد پر بغیرویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے پابندی لگادی گئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ بغیر ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے ہوٹل بکنگ پر بھی پابندی ہوگی اور یکم اگست سے پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پر بھی ہوگا جب کہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔