کورونا عفریت، مکہ اور مدینہ میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو!
ریاض: کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی حکومت نے حفاظتی تدابیر کے تحت مکہ اور مدینہ میں کرفیو نافذ کر دیا ،جس کا اطلاق حرم شریف اور مسجد نبوی پر بھی ہوگا۔
سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ کے مطابق مکہ اور مدینہ میں پورے دن کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ، تاہم صبح 6 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک شہریوں کو دوائی اور کھانے پینے کی اشیا لینے کے لیے گھروں سے نکلنے کی اجازت ہوگی تاہم یہ رعایت خاندان کے ایک فرد کے لیے ہوگی۔
کرفیو کے دوران تمام تجارتی سرگرمیاں اور ذرائع آمد ورفت بند رہیں گے۔ وقفے کے دوران صرف ادویہ اور ضروری اشیا کی خریداری کے لیے نوجوانوں کو اجازت ہوگی۔ بچوں اور بزرگوں کو گھر پر ہی رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ صحت، میڈیا ورکرز اور میونسپل کے خصوصی عملے کو استثنیٰ ہوگا۔