سرمایہ کاری کا فروغ، طے شدہ اہداف بروقت مکمل کیے جائیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تمام وفاقی وزارتوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے طے شدہ اہداف کو بروقت مکمل کیا جائے، سرمایہ کاروں کو کاروبار کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں، معاشی استحکام کو برقرار رکھنے اور تیز تر معاشی ترقی کے لیے سرمایہ کاری اہم ترین جزو ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت سرمایہ کاری اور کاروبار میں درپیش رکاوٹوں کو دُور کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں معاونین خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر شہباز گل، متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز، چیئرمین نیپرا، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز بذریعہ ویڈیو لنک اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو ان تمام اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا، جو سرمایہ کاری اور کاروبار میں رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات میں قوانین میں ترامیم، ٹیکس وصولیوں کے طریقہ کار میں آسانی، دیگر محکموں سے این او سی کے جلد حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری اور پرانے ضابطہ کار میں ترامیم شامل ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ تمام وفاقی وزارتیں اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاری کو فروغ دیں اور اس ضمن میں طے شدہ اہداف بروقت مکمل کریں۔