کورونا وبا: پابندیوں میں نرمی، کاروبار ہفتے میں ایک دن بند رہیں گے!

اسلام آباد: کورونا وبا کے کیسز کم ہونے کے ساتھ ہی پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہیں، اب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کاروباری پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے کاروبار 2 دن کے بجائے ایک دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دن کا فیصلہ تمام صوبائی اکائیاں خود کریں گی۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت ہونے والے این سی او سی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ملازمین کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی جائے گی۔ نجی شعبوں سے منسلک ملازمین کو 30 جون تک ویکسی نیشن کرانا ہوگی۔
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا کہ ویکسی نیشن کرانے کی خاطر مختلف شعبوں کے لیے مراعات متعارف کرائی جائیں گی۔ دفاتر میں 50 فیصد حاضری کو بڑھاکر واپس 100 فیصد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ان ڈور جم کو کھولنے کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم جم کے تمام ارکان کے لیے ویکسی نیشن لازمی ہوگی۔
کورونا ویکسی نیشن سینٹرز 11 جون سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔ تاہم اس کے بعد اتوار کو بند رہیں گے۔
این سی او سی کے مطابق 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 11 جون سے واک ان ویکسی نیشن کی سہولت ہوگی۔ ملک بھر میں تمام شہریوں کے لیے رضا کارانہ طور پر ویکسین مہم چلائی جائے گی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔