بنگلادیش، خواجہ سراؤں کو ملازمت دینے پر کمپنیوں کیلیے خصوصی مراعات
ڈھاکا: خواجہ سراؤں کو ملازمتیں دینے والی کمپنيوں کے ليے بنگلاديش ميں ٹيکسوں ميں خصوصی رعايت کا اعلان کیا گیا ہے۔
بنگلادیش کے وزير خزانہ مصطفیٰ کمال نے 2021، 2022 کا بجٹ پيش کرتے ہوئے خواجہ سراؤں کے لیے مراعات کا اعلان کيا۔ اگر کسی کمپنی کے 10 فيصد يا مجموعی طور پر 100 ملازمين خواجہ سرا ہوئے تو اس کمپنی کو ان تمام کی تنخواہوں کا 75 فيصد حصہ واپس کرديا جائے گا۔
بنگلادیش میں تنخواہوں کے علاوہ ایک دوسرے متبادل کے طور پر ایسی کمپنياں 5 فيصد کم ٹيکس ادا کرسکتی ہيں۔
بنگلادیشی وزير خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے اقدام خواجہ سرا شہریوں کے سماجی اور معاشی انضمام میں بہتری کے ليے کیا گيا ہے۔
خواجہ سرا حقوق گروپ سدا کالو ہیجرا کے صدر انونیا بنک نے کہا کہ یہ خبر ہمارے لیے بہت اچھی ہے لیکن ہم اسے کسی سیاسی پروپیگنڈے کی نذر نہیں کرنا چاہتے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلادیش میں ایک اندازے کے مطابق 15 لاکھ خواجہ سرا افراد ہیں، جنہیں بے حد تفریق اور تشدد کا سامنا ہے۔