ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع
اسلام آباد: ملک بھر میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع کردی گئی، شہری 1166 سے کوڈ حاصل کرنے کے بعد کسی بھی سینٹر سے ویکسین لگواسکتے ہیں۔
پاکستان میں آج سے 18 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع ہوگئی ہے، شہری کووڈ 19 ویکسی نیشن کے لیے اپنا CNIC نمبر 1166 پر بھیج کر کوڈ حاصل کریں اور موصول او ٹی پی کے ساتھ ویکسی نیشن سینٹر جاکر ویکسی نیشن لگوائیں۔
دوسری طرف وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ویکسی نیشن ڈرائیو میں تیزی وفاق کی بھاری سرمایہ کاری سے ممکن ہوئی، اب تک ویکسین کی خریداری قریباً ایک ارب ڈالر کے چوتھائی تک پہنچ چکی، اگلے سال مزید ویکسی نیشن کی خریداری پر زیادہ خرچ کریں گے۔
خیال رہے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے 19 سال سے زائد عمر کے افراد کی خاطر ویکسی نیشن کے لیے رجسٹریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب رجسٹریشن پوری قوم کے لیے ہوگی، جنہیں ماہرین صحت نے ویکسین کی خاطر منظور کرلیا ہے۔
اسد عمر نے کہا تھا رجسٹرڈ لوگوں سے درخواست ہے جلد ویکسی نیشن کے لیے سینٹر جائیں، جن کو دوسری ویکسین لگنی ہے وہ ضرور بروقت ویکسی نیشن کے لیے جائیں۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا انفیکشن سے جاں بحق افراد کی تعداد21ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے مزید 92 افراد جاں بحق ہوگئے۔