وزیراعظم کا ڈی جی خان میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کا حکم
لیہ: وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے آپریشن کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں صحت انصاف کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اب تک یہ ہوتا رہا ہے کہ مرکزی شہروں لاہور، اسلام آباد میں زیادہ پیسہ خرچ کیا گیا جب کہ باقی دوردراز علاقوں میں خرچ نہیں کیا گیا، اس سے نقصان ہوا کہ شہروں میں آبادی میں بہت اضافے ہوا اور مناسب انتظامات نہیں کیے گئے جس کے نتیجے میں سیوریج سسٹم اور صفائی ستھرائی کے مسائل پیدا ہوئے، غریب علاقوں میں پانی کی صورت حال بہت خراب ہے، ضروری ہے کہ ترقی میں سب علاقوں کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ڈی جی خان میں ڈاکوؤں نے غریب آدمی پر بڑا ظلم کیا ہے، آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی اور رینجرز کو آج ہی فون کروں گا کہ ان ڈاکوؤں کے خلاف سخت ایکشن لیں، وہاں پولیس چوکی بنائیں گے، اب ان ڈاکوؤں کو برداشت نہیں کریں گے جو اتنے عرصے سے مقامی لوگوں پر ظلم کررہے ہیں، جاتے ہی فوری طور پر رینجرز کو پولیس کی مدد کرنے کا حکم دوں گا۔
گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کے لادی گینگ کی جانب سے شہری کے ہاتھ، بازو، کان، ناک کاٹنے کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا، جس میں سرعام زندہ شخص کو کاٹ کر اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی۔