پاکستان کی مختصر فلم دریا کے اس پار نے تین عالمی اعزاز جیت لیے!

چترال: ضلع چترال میں خواتین کی خودکشیوں اور نفسیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہی پر مبنی مختصر دورانیے کی فلم ’دریا کے اس پار‘ نے تین عالمی اعزازات اپنے نام کر لیے۔
قریباً 30 منٹ دورانیے کی اس فلم نے نیویارک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین مختصر دورانیے کی فلم، بہترین ڈائریکٹر اور بہترین مرکزی اداکارہ (حبا عزیز) کے تین ایوارڈز اپنے نام کیے۔ فلم کا موضوع خیبر پختونخوا کے مقبول سیاحتی مقام چترال میں خواتین کی خودکشیوں اور نفسیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہی پر مبنی ہے۔
فلم ’دریا کے اس پار‘ کو نگہت اکبر شاہ نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ شعیب سلطان نے فلم کی ہدایات دی ہیں۔ شعیب سلطان نے بتایا یہ ان کا فلم ڈائریکٹ کرنے کا پہلا تجربہ تھا اور اللہ کا شکر ہے عالمی سطح پر ان کی فلم کی اتنی پذیرائی ہوئی۔ انہوں نے کہا یہ ہمارے اور پاکستان کے لیے فخر کا مقام ہے کہ ایک پاکستانی فلم نے عالمی مقابلے میں تین ایوارڈز اپنے نام کیے۔


شعیب سلطان نے مزید بتایا کہ فیسٹیول میں دنیا بھر سے 96 فلمیں مدمقابل تھیں جبکہ پاکستانی فلم نے بھارتی، میکسیکن اور امریکی فلموں کی کیٹیگری میں اپنی جگہ بنائی۔ فیسٹیول میں مختلف خصوصیات پر مبنی 15 کیٹیگریز تھیں۔ ہم نے اپنی فلم میں چترال میں خودکشیوں کے علاوہ نفسیاتی مسائل کے شکار افراد کو فوکس کیا ہے۔
فلم ’دریا کے اس پار‘ گل زرین نامی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جس کا تعلق پاکستان کے شمالی علاقہ جات سے دکھایا گیا ہے۔ گل زرین مختلف مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سے شدید ذہنی پریشانیوں میں گھر جاتی ہے لیکن لوگ اس کی جانب متوجہ نہیں ہوتے۔ ایسے میں معاشرتی روایات اور رویے گل زرین کو اس حد تک ذہنی پریشانی میں مبتلا کر دیتے ہیں کہ ایک دن وہ خودکشی پر مجبور ہوجاتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔