ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی کی صلاحیت دباؤ کا شکار ہے، اسد عمر

کراچی: وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی طلب میں اضافے کے باعث آکسیجن کی فراہمی کی صلاحیت اب دباؤ کا شکار ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گورنر ہاﺅس کراچی میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اور ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق اعلیٰ سطح کی اجلاس ہوا، جس کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کی، اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر علی حیدر زیدی، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، ایم این اے جے پرکاش، اراکین صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور بلال غفار بھی شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورت حال تشویش ناک ہوتی جارہی ہے اور اسپتالوں میں آکسیجن کی طلب میں اضافے کے باعث آکسیجن کی فراہمی کی صلاحیت اب دباؤ کا شکار ہے۔
اسد عمر نے بتایا کہ تشویش ناک مریضوں کی موجودہ تعداد گزشتہ برس جون کی نسبت 30 فیصد سے زائد ہے، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں ورنہ لاک ڈاﺅن پر مجبور ہوسکتے ہیں، ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہیں، فی الحال چند مزید پابندیاں لگائی گئی ہیں، امید ہے اس کے نتائج مثبت سامنے آئیں گے۔
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کورونا کی نئی لہر پہلے سے زیادہ مہلک اور بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ بہت زیادہ احتیاط کریں، حکومت کو ایک بار پھر آپ سے تعاون درکار ہے، صرف چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے آپ اپنے پیاروں اور ہم وطنوں کی زندگیوں کو بچا سکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔