دوسرا ٹی 20، زمبابوے نے پاکستان کو 19 رنز سے ہرادیا
ہرارے: دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ آسان ہدف کے تعاقب میں مڈل آرڈر بیٹنگ لائن ناکام ثابت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق زمبابوے نے سیریز کے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔تناشی کمنہکموے 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور دانش عزیز دو دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور زمبابوین بولر لُک جنگوے کی بولنگ کی تاب نہ لاتے ہوئے آخری اوور میں محض 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم 41 رنز اور دانش عزیز 22 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کرسکے، باقی بلے بازوں نے انتہائی غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا۔ لُک جنگوے عمدہ گیند بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے مقابلے میں بھی پاکستان بہ مشکل 11 رنز سے فتح یاب ہوا تھا۔ زمبابوے کی اس جیت سے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔