امریکی خلائی ادارے کا بڑا کارنامہ، مریخ کی فضا میں چھوٹا ہیلی کاپٹر اڑا کر تاریخ رقم کردی
امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا نیا کارنامہ سامنے آیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ناسا کے منی ایچر روبوٹ ہیلی کاپٹر نے مریخ کی سر زمین پر پرواز کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے۔ "انجینیوٹی” نامی یہ ہیلی کاپٹر کنٹرولڈ پرواز کے ساتھ مریخ پر پرواز کرنے والا پہلا ہیلی کاپٹر بن گیا ہے۔
چار پاؤنڈ وزنی ہیلی کاپٹر "انجینیوٹی” نے مریخ کی فضا میں تین میٹر بلند ہو کر پرواز کی۔ اپنی پرواز کے بعد روپوٹ ہیلی کاپٹر بحفاظت دوبارہ مریخ کی سطح پر اتر گیا۔ ہیلی کاپٹر نے اس دوران مریخ کی سرزمین پر بننے والے اپنے ہی عکس کی تصویر بھی ناسا کو ارسال کی۔
انجینیوٹی نامی اس ہیلی کاپٹر کو خلائی جہاز ’پرسیویرینس روور‘ کے ساتھ مریخ پر اتارا گیا تھا۔ پرسیویرینس روور اور انجینیوٹی ہیلی کاپٹر کو مریخ مشن کے تحت مریخ پر زندگی کے ممکنہ اثرات کی تلاش کے لیے بھیجا گیا ہے۔ اگر مریخ پر زندگی کے اثرات پالیے گئے تو یہ دنیا کی تاریخ میں بڑا کارنامہ تصور کیا جائے گا۔