وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، کورونا کیسز بڑھنے پر اظہار تشویش
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور کابینہ ارکان نے بڑھتے کورونا کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی سیاسی، معاشی صورت حال سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کو ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال پر بریفنگ دی گئی، وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے بڑھتے کورونا کیسز پر اظہار تشویش کیا، کابینہ ارکان نے کہا کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، احتیاط کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے زور دیا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، پہلے فیز میں ہماری اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی، عوام ایس او پیز کا خیال رکھیں۔
اجلاس میں پبلک سیکٹر آرگنائزیشن میں سربراہوں کی خالی اسامیوں پر بریفنگ دی جائے گی جب کہ نوشہرہ میں ریلوے زمین پر کثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کے لیے رپورٹ پیش ہوگی۔
نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کی تعیناتی، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اضافی عہدے کی منظوری اور نیشنل کونسل برائے ہومیوپیتھی کے صدر، نائب صدر کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس میں کابینہ کو ایف 9 پارک، پاک چائنہ فرینڈشپ سینٹر، فاٹاہاؤس کے استعمال اور موجودہ حکومت میں گیس ڈیولپمنٹ اسکیم کے طریقہ کار پربریفنگ دی جائے گی۔
سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی سی ای او کے اضافی چارج کی منظوری، سوشل ویلفیئر فنڈ کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز پر بریفنگ اور افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی تجدید کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ رولز آف بزنس 1973 میں ترمیم کی منظوری سمیت اقتصادی کونسل، کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی ریفارمز کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔