کورونا خدشہ، پنجاب بھر میں تمام کھیلوں کے میدان بند کرنے کا حکم!
لاہور: کورونا کیسز کے بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام کھیلوں کے میدان بند کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب میں کورونا کیسز کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر حکومت نے صوبے کے تمام کھیلوں کے میدان بند کرنے کا حکم دے دیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیاں بند کردی گئی ہیں اور ہاکی کیمپ کے کھلاڑیوں کو بھی گھروں کو جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی وجہ سے تاحکم ثانی کھیلوں کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر رات 10 بجے بند کرنے کی حد فوری نافذ کردی گئی ہے اور 15 مارچ سے شادی ہالز، انڈور ڈائننگ اور سنیما گھروں اور زیارتوں کو کھولنے کی اجازت دینے کے پہلے فیصلے کو واپس لے لیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان میں حالات قریباً ٹھیک ہیں، لیکن پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں، سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے اسکول آئیں گے، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، ملتان، راولپنڈی، سیالکوٹ اور پشاور میں تعلیمی ادارے 15 مارچ بروز پیر 2 ہفتوں کے لیے بند کردیے گئے ہیں، تمام تعلیمی ادارے 28 مارچ کو دوبارہ کھلیں گے۔ جن اداروں میں امتحانات ہورہے ہیں وہ جاری رہیں گے۔