کیا فیس ماسک کے بجائے نوزی کو رواج ملے گا؟
واشنگٹن: عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کا ایک ہی حل ہے کہ انسان سماجی دوری برقرار رکھے اور ساتھ ہی فیس ماسک کا استعمال کرے۔
کورونا وائرس سے قبل بہت ہی کم لوگ فیس ماسک استعمال کرتے تھے لیکن اب یہ ہماری زندگیوں کا اہم حصہ بن گیا ہے جس کے بغیر ہم گھر سے باہر نکلنا بھی تصور نہیں کرتے۔
فیس ماسک کے حوالے سے دنیا بھر میں متعدد ایجادات سامنے آچکی ہیں اور گزشتہ چند ماہ میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس فیس ماسک پیش کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ سال ایک ایسی چیز ایجاد کی گئی ہے جسے خاص طور پر ایۃر بون پارٹیکلز (ہوا میں موجود ایسے ذرات جو قدرتی آنکھوں سے نظر نہیں آتے) کے لیے تیار کیا گیا ہے جس کا نام ’نوزی‘ ہے۔
نوزی ایسی ایجاد ہے جو باآسانی آپ کی ناک پر فٹ ہوجاتی ہے، جس کے اندر ایسے جدید فلٹرز موجود ہیں جو ہوا میں موجود ذرات کو سانس کے ساتھ پھیپھڑوں میں داخل ہونے سے بچاتے ہیں۔
’نوزی‘ کو گزشتہ سال مارچ میں پیش کیا گیا تھا جسے دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جانا تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اس کی پیداوار متاثر ہوگئی اور اب اس کی ترسیل اگلے مہینے سے کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ‘نوزی’ سے متعلق ملے جلے ردعمل سامنے آرہے ہیں اور اس کا مذاق بھی اڑایا جارہا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ’نوزی‘ ہوا میں موجود مضر مادوں سے بچانے کے لیے بے حد مددگار ثابت ہوگا جب کہ یہ تمام اقسام کے فیس ماسکس سے بھی بہتر ہے۔