افغانستان میں تین خاتون صحافیوں کا قتل!
کابل: نامعلوم افراد نے تین خواتین میڈیا ورکرز کو فانرنگ کرکے ہلاک کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے شہر جلال آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 3 خواتین صحافیوں کو ہلاک کردیا، ننگرہار کے مقامی اسپتال کے ترجمان ظاہر عدیل نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، تاہم ابھی تک کسی گروپ نے حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
نجی ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز زلمے لطیفی کا کہنا ہے کہ تینوں خواتین کو اس قت نشانہ بنایا گیا جب وہ ٹی وی اسٹیشن سے گھروں کو جارہی تھیں، خواتین پیدل تھیں اس لیے انہیں آسانی سے نشانہ بنالیا گیا۔
ننگرہار پولیس کے سربراہ جمعہ ہمت کے مطابق خواتین صحافیوں کو دو علیحدہ حملوں میں نشانہ بنایا گیا، حملے کے بعد ایک حملہ آور کو فرار ہوتے ہوئے گرفتار کرلیا گیا اور اس نے خواتین کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کرلیا ہے جب کہ ملزم کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، تاہم طالبان کے ایک ترجمان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی ہے۔