عورت آزادی مارچ کراچی، حیدرآباد اور سکھر سمیت مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے!
عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہر سال کراچی، سکھر، حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں عورت آزادی مارچ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔
امسال بھی گذشتہ برسوں کی طرح پاکستان کے چند بڑے شہروں میں خواتین کے مختلف گروپس کی جانب سے عورتوں کے حقوق کے حصول اور آگاہی پھیلانے کے سلسلے میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں سے ’عورت مارچ 2021‘ کے تھیمز، منشور اور پوسٹرز بھی سامنے آرہے ہیں۔
مارچ نکالنے والی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس دن کو منانے کا مقصد خواتین کو معاشرے میں اُن کے حقوق دلانا ہے۔ سماج میں اُن کے تحفظ کو یقینی بنانا بھی اس کا اہم مقصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب عورتوں کو ہر طرح سے تحفظ اور سہولتیں میسر ہوں تو وہ مردوں کے شانہ بشانہ معاشرے کی بہتری میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتی ہیں۔
عورت آزادی مارچ کی جہاں بہت سے حلقے تعریف و توصیف کرتے ہیں، وہیں اس حوالے سے مخالفت کا بازار بھی خاصا گرم رہتا ہے۔
اس بار اکثر چھوٹے بڑے شہروں میں عورت آزادی مارچ کے انعقاد کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔