سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی، پی پی اور جے یو آئی کے امیدواروں کے نام!

اسلام آباد: سینیٹ انتخابات 2021 کے لیے الیکشن کمیشن میں امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کاغذات نامزدگی 13 فروری تک جمع کرائے جائیں گے اور نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 14 فروری کو جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 23 فروری کو آویزاں کی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں 3 مارچ کو ہوگی، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں سینیٹر بننے کے خواہش مند افراد کی لسٹ پر مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ‏اسلام آباد سے حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد تحریک انصاف کی امیدوار ہوں گے۔ ‏پنجاب سے سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر زرقا اور بیرسٹر علی ظفر امیدوار ہوں گے۔ ‏خیبر پختون خوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، دوست محمد، ثانیہ نشتر کا نام حتمی فہرست میں شامل ہے۔
جمعیت علماء اسلام نے خیبرپختونخوا سے 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل نشستوں کے لیے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمٰن، طارق خٹک اور حاجی زبیرعلی کاغذات جمع کرائیں گے۔ خواتین کی نشست کے لیے ایم پی اے نعیمہ کشور جب کہ اقلیتی نشست پر ایم پی اے سردار رنجیت سنگھ امیدوار ہوں گے۔ پی ڈی ایم کا صوبائی سربراہی اجلاس 15 فروری کو ہوگا، جس میں متفقہ امیدواروں کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔
ادھر مسلم لیگ ق کی جانب سے کامل علی آغا نے الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ نے بھی امیدواروں کی منظوری دے دی ہے اور آئندہ مدت کے لیے بھی شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی۔
کریم خواجہ اور تاج حیدر ٹیکنوکریٹ نشست پر کاغذات جمع کرائیں گے۔ خیرالنسا مغل، پلوشہ خان خواتین نشستوں پر جب کہ صادق علی میمن اور جام مہتاب ڈہر جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور اسلام الدین شیخ کو ٹکٹ نہیں مل سکا۔ دونوں رواں سال سینیٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے پنجاب سے راجہ عظیم الحق کو نامزد کیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔