غریبوں پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ غریب طبقات پر بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے ممکنہ اقدامات پر غور کیا گیا جب کہ احساس پروگرام کے تحت مستحق خاندانوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، مشیران عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، معاونین خصوصی ڈاکٹر وقار مسعود، ندیم بابر، تابش گوہر اور سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کا مفاد ہے، مشکل معاشی حالات کی وجہ سے غریب عوام سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں لہٰذا ان کو ہر ممکنہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ سب سے زیادہ غریب طبقات پر پڑتا ہے لہٰذا بالواسطہ ٹیکسز کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ کھانے پینے کی مختلف اشیا پر عائد ٹیکسز میں بھی کمی لانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی جائیں، تاکہ عوام بالخصوص غریب اور مڈل کلاس کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔