پی ایس ایل، تماشائیوں کو محدود تعداد میں اسٹیڈیمز داخلے کی اجازت!
لاہور: پی ایس ایل 6 میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
پی ایس ایل 2021 میں تماشائیوں کو محدود تعداد میں داخلے کی اجازت مل گئی۔ فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی نے پہلے ہی ٹکٹ کی فروخت کے لیے طریقہ کار طے کرلیا ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ لیگ کے میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ ایونٹ 20 فروری سے 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہے گا۔
فیصلے کے مطابق اب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کُل 7500 جب کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کُل 5500 تماشائی ٹکٹ حاصل کرکے اسٹیڈیم میں لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔ اس دوران دونوں ادارے، این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، مشترکہ طور پر صورت حال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے این سی او سی کو ایک تفصیلی بریفنگ دی تھی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور پی سی بی، میچز کے دوران اسٹینڈز میں بیٹھے تماشائیوں سے حکومت کی جانب سے تیار کردہ کووڈ 19 پروٹوکولز اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر مکمل عمل کروائیں گے۔ اب جب کہ این سی او سی نے لیگ کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے تو پی سی بی اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلد کرے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ این سی او سی کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مداحوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر پی سی بی پراعتبار کیا، یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کووڈ 19 پروٹوکولز کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے کہا کہ فینز کرکٹ بورڈ کا اثاثہ ہیں اور ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگادے گی، انہیں معلوم ہے کہ محدود تعداد میں داخلے کی وجہ سے ہر فین تو اسٹیڈیم میں نہیں آسکتا مگر ان کی محدود تعداد میں موجودگی بھی ایک مثبت اور درست فیصلہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں اسٹینڈز میں آمد کے ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروالیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔