کشمالہ کی پروٹوکول گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد جاں بحق، شوہر گرفتار!
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے جی الیون سیکٹر میں کشمالہ طارق کے پروٹوکول میں شامل گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئے مہران کار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی الیون میں تیز رفتار گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئے موٹر سائیکل اور مہران کار کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں کار میں موجود 4 دوست موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دو افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق تیز رفتار گاڑیوں کا قافلہ کشمالہ طارق کے پروٹوکول کا تھا، ایک گاڑی میں کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹا بھی موجود تھے۔ پولیس نے کشمالہ طارق کے شوہر وقاص خان کو حراست میں لے کر تھانہ رمنا منتقل کردیا جب کہ کشمالہ طارق کا بیٹا اور قافلے میں شامل دیگر افراد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے تھانہ رمنا میں حادثے کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس میں کشمالہ طارق کا بیٹا اذلان بھی نامزد ہے، مقدمہ واقعے میں زخمی ہونے والے شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ سفید رنگ کی جیپ نمبری ڈبلیو وائی 077 نے مہران گاڑی کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں گاڑی میں موجود 4 دوست جاں بحق ہوگئے، جاں بحق نوجوان مانسہرہ سے اے این ایف کا ٹیسٹ دینے آئے تھے جب کہ حادثے میں 2 موٹر سائیکل سوار زخمی ہوئے ہیں۔